شاہین باغ کی بلقیس دادی گرفتار

,

   

مَیں کسان کی بیٹی ہوں ، آواز اُٹھاؤں گی

نئی دہلی : شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں احتجاج کے دوران سرخیوں کی جگہ بنانے والی بلقیس دادی کو احتجاجی کسانوں کے حق میں آواز اُٹھانے پر گرفتار کرلیا گیا۔ مرکز کے زرعی قانون کے خلاف گزشتہ ایک ہفتہ سے کسانوں کی تنظیمیں احتجاج کررہی ہیں۔ دہلی سے متصل سندھو سرحد پر کسانوں کے احتجاج میں شامل ہونے اور اِن کی حمایت کرنے پر پولیس نے انھیں حراست میں لیا۔ بلقیس دادی نے کہاکہ مَیں کسان کی بیٹی ہوں، کسانوں کے حق میں آواز اُٹھاؤں گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بلقیس دادی کو فی الحال حراست میں رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دہلی کا شاہین باغ سی اے اے کیخلاف مظاہروں کا مرکز بن گیا تھا۔ 82 سالہ معمر خاتون بلقیس دادی نے اِس احتجاج کی قیادت کی تھی۔امریکہ کے ٹائمس میگزین نے 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں بلقیس دادی کا نام بھی شامل کیا تھا۔ اِسی دوران بھیم آرمی کے صدر چندرشیکھر آزاد بھی غازی پور غازی آباد سرحد پر کسانوں کے احتجاج میں شامل ہوگئے۔