ایک ہزار مربع گز اراضی کی ضرورت، محمد اظہرالدین نے محکمہ جاتی اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا
حیدرآباد ۔3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) شاہی مسجد باغ عامہ کے توسیعی منصوبہ کے سلسلہ میں قانون ساز اسمبلی اور ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ سے اراضی کے تبادلے کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ اقلیتی بہبود کے علاوہ وقف بورڈ ، اسمبلی ، ہارٹیکلچر اور دیگر متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ اراضی کے تبادلے سے قبل تینوں اداروں کی حقیقی اراضی کے تعین کے لئے مشترکہ سروے کیا جائے۔ اسمبلی ہارٹیکلچر اور شاہی مسجد کی اراضی کے تعین کے بعد مسجد کے توسیعی منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مسجد کے تحت جو اراضی ریکارڈ میں درج ہے، اس کے مطابق اراضی دستیاب نہیں ہے۔ مسجد کا توسیعی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت مصلیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ مسجد کے احاطہ میں موجود دو قدیم عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے احاطہ میں مولانا آزاد لائبریری کی نئی عمارت کی تعمیر سے اتفاق کیا گیا۔ مصلیوں کی سہولت کیلئے پارکنگ اراضی کی نشاندہی کی جائے گی۔ شاہی مسجد کے توسیعی منصوبہ کے تحت 1539 مربع گز اراضی حاصل کرنے کی تجویز ہے۔ مشترکہ سروے کے لئے کلکٹر حیدرآباد کی جانب سے جلد احکامات جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ٹمریز کے صدرنشین محمد فہیم الدین قریشی ، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ، رکن اسمبلی نامپلی ماجد حسین، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود عبدالحمید ، خطیب شاہی مسجد مولانا ڈاکٹر احسن الحمومی، سکریٹری قانون ساز کونسل نرسمہا چاریلو ، سکریٹری قانون ساز اسمبلی ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ کے علاوہ ہارٹیکلچر اور آر اینڈ بی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ اراضی کے تبادلہ کے ذریعہ جلد ہی توسیعی منصوبہ پر عمل کیا جائے۔ آرکیٹکٹ نے توسیعی منصوبہ کا پلان اجلاس میں پیش کیا۔1/k/m/b