شاہ سلمان مرکز کی طبی ٹیمیں بیروت روانہ

,

   

ریاض۔سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے بیروت میں تباہ کن دھماکے کے زحمیوں کی مدد کے لیے طبی ٹیمیں روانہ کی ہیں۔ لبنان میں امدادی کارروائیوں کے لیے مختص میڈیکل سوسائٹیز کے ذریعے ایمبولینسوں اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق شمالی لبنان میں سبل السلام سوسائٹی کی میڈیکل ٹیمیں زخمیوں کو متاثرہ مقامات سے دواخانہ منتقل کرنے کے لیے بیروت روانہ کی گئی ہیں۔ کنگ سلمان مرکز کے ماتحت عرسال میں العمل میڈیکل سینٹر سے میڈیکل ٹیم زخمیوں کی مدد، فوری طبی امداد اور ہنگامی صحت نگہداشت کے لیے بھیجی گئی ہے۔العمل میڈیکل سینٹر نے بیروت کے دواخانوں میں زخمیوں کی مرہم پٹی اور خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم بھی شروع کی ہے۔یاد رہے کہ بیروت بندرگاہ پر منگل کی شام دھماکے سے لبنانی دارالحکومت لرز گیا۔ بیروت کے سارے محلے متاثر ہوئے۔بیشتر عمارتوں، گاڑیوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ لبنان کے بالمقابل جزیرے قبرص میں بھی لوگوں نے دھماکے کی آوازیں سنیں۔