شاہ محمود 12 مقدمات میں گرفتار، جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد

   

راولپنڈی: پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے 12 مقدمات میں گرفتار کرلیا جبکہ عدالت نے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔جوڈیشل کمپلیکس میں ڈیوٹی ایڈیشنل اینڈ سیشن جج سید جہانگیر علی نے شاہ محمود کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے سابق وزیر خارجہ کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا۔پراسیکیوشن ٹیم نے مکمل تفتیش کے لئے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے 9 مئی کو عوام کو احتجاج کے لئے اکسایا۔وکیل صفائی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو ڈسچارج کیا جائے، جسمانی ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں یہ جھوٹا انتقامی کیس ہے، جب چالان بھی پیش ہوگیا تو جسمانی ریمانڈ کیسے دیا جائے، پورے چالان میں شاہ محمود قریشی کا نام نہیں۔