شبیر حسین خان:اپنا خون عطیہ کرکے لوگوں کی جان بچانے والا کشمیری

   

سری نگر ۔ وادی کشمیر میں مفلوک الحال مریضوں کو امداد فراہم کرنے کے لئے کئی ادارے مصروف عمل ہیں اور اس کے علاوہ متعدد مخیر افراد ذاتی طور پر بھی حاجت مند مریضوں کی مدد کرکے خدمت خلق کا فریضہ بخونی انجام دے رہے ہیں۔ تاہم سری نگر کے کمانگر پورہ علاقے میں ایک جذبہ انسانیت سے سرشار ایک ایسا شخص رہائش پذیر ہے جو اگرچہ ضرورت مند مریضوں کو مالی امداد فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں لیکن وہ اپنے رگوں سے خون نکال کر مریضوں کی جانیں بچا رہے ہیں۔ شبیر حسین خان نامی اس بلڈ ڈونر کا کہنا ہے کہ ایک انسانی جان بچانا انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے ۔ انہوں نے یو این آئی کے ساتھ اپنی گفتگو میں کہا کہ خون دے کر میں انسانیت کی خدمت کر رہا ہوں جس کو میں بڑی عبادت گردانتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا: ‘میں نے سال1980 سے مریضوں کو خون دینے کا سلسلہ شروع کیا اور آج تک مسلسل یہ کام کر رہا ہوں۔ موصوف بلڈ ڈونر نے کہا کہ میں نے آج تک 175 یونٹ خون عطیہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زائد از 40 برس یہ خدمت انجام دے رہا ہوں اور یہ سلسلہ جاری رکھوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انسانیت کی بقا کیلئے یہ خدمت انجام دے رہے ہیں اور جو انسانیت کی خدمت کا جذبہ ان کی رگوں میں ہے یہ ان کی خاندانی تربیت کا نتیجہ ہے ۔