شدید بارش ‘ مختلف واقعات میں تین افراد ہلاک

,

   

حیدرآباد : حیدرآباد میں ہفتہ کی شب موسلادھار بارش سے 3 افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔ بہادر پورہ کشن باغ اسد بابا نگر میں 19 سالہ سید عامر موسیٰ ندی میں اُس وقت غرقاب ہوگیا جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ تیراکی کیلئے گیا تھا ۔ حالانکہ سید عامر کو تیراکی سے واقفیت تھی اس کے باوجود بھی وہ پانی کے تیز بہاؤ کی لپیٹ میں آگیا اور غرقاب ہوگیا جبکہ اس کے دوست اسے بچا نہ سکے ۔ بہادر پورہ پولیس کے علاوہ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس وہاں پہونچ کر نوجوان کی نعش باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن اب تک نوجوان کا پتہ نہ چل سکا ۔ بارش کے نتیجہ میں مکان کی دیوار گرنے سے 6 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ادیبہ بیگم جو محمد عمران کی بیٹی تھی اور پرائمری اسکول کی طالبہ تھی ۔ کل رات 11.45 کو منگل ہاٹ راز دار خان پیٹ میں مکان کی دیوار منہدم ہونے کے نتیجہ میں ادیبہ بیگم شدید زخمی ہوگئی تھی اور اسے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ منگل ہاٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ہے ۔ ہفتہ کی شب بالاپور تالاب کا پشتہ ٹوٹنے کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا تھا اور پانی کو مکان سے باہر نکالنے کی کوشش میں 17 سالہ نوجوان برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ چندرائن گٹہ پولیس کے بموجب 17 سالہ محمد ریحان ساکن نصیب نگر جو گراؤنڈ فلور کا ساکن ہے اچانک پانی مکان میں داخل ہونے پر وہ گھریلو اشیاء محفوظ مقام پر منتقل کررہا تھا اور اسی دوران اتفاقی طور پر انورٹر کے برقی تار کو چھولیا اور اس کی زد میں آگیا ۔ نوجوان کے والد محمد شاہد نے اسے بچانے کی کوشش کی اور فوری اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا اور دوران علاج نوجوان فوت ہوگیا ۔ ایک اور واقعہ میں آج رات 60 سالہ محمد عظیم ساکن افضل نگر موسیٰ ندی میں چھلانگ لگادی۔ ڈی آر ایف ٹیمیں نعش کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہیں۔