شدید گرمی کے دوران آٹو ڈرائیورشیخ سلیم کی قابل ستائش خدمت خلق 

,

   

حیدرآباد: ا س شدید گرمی سخت دھوپ کے وقت ٹھنڈا پانی کسی عظیم نعمت سے کم نہیں۔ کوئی شخص اپنی پیاس پانی سے بجھاتا ہے تو کوئی ناریل پانی پی کر کوئی کسی شربت وغیر ہ کے ذریعہ سے اپنی پیاس بجھاتا ہے ۔ او رگرما کے موسم میں بعض لوگ قوم و ملت کی خدمت کی خاطر سڑک کے کنارے پانی کا انتظام کرتے ہیں ۔ اس کیلئے کوئی مٹی کے گھڑے نصب کرتا ہے تو کوئی فریج لگواتا ہے ۔ اسی طرح آٹوڈرائیور جناب شیخ سلیم صاحب خدمت خلق کا جذبہ لئے اپنے آٹو میں ٹھنڈے پانی کا ایک کین ( کولر ) نصب کرلئے ہیں ۔ جس میں بیس لیٹر پانی سماسکتا ہے ۔

اس پانی سے سبھی لوگ استفادہ کرتے ہیں جن میں راہگیر او ر ان کے آٹوکے سواری کے علاوہ بلا مذہب وملت سبھی شامل ہیں ۔ شیخ سلیم کا مقصد صرف عوام کی پیاس بجھانا اور ان کی دعائیں حاصل کرنا ہے ۔ شیخ سلیم نے سیاست ڈاٹ کام کے رپورٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ صاف و ٹھنڈاپانی عوام کے لئے اپنے آٹو میں رکھتے ہیں ۔اس سے ان کا مقصد اللہ کی رضامندی حاصل کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ صبح ۹؍ بجے اپنے گھر واقع فلک نما سے نکل جاتے ہیں ۔

شیخ سلیم نے بتایا کہ ان اس کولر سے سبھی لوگ پانی پیتے ہیں یہاں تک کہ ٹرافک پولیس عہدیدار بھی اس سے استفادہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ پچھلے دو سال سے شہریوں کو پانی پلانے کا کام انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ہمیں درس دیتا ہے کہ کھانا او رپانی کے ذریعہ مخلوق کی خدمت کریں ۔ جوبھی تم اللہ کی راہ دیں گے وہ واپس تمہیں دوگنا ہوکر ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صبح نوتا شام چھ بجے تک آٹو چلاتے ہیں ۔ اس دوران دو تا تین کولر کے ڈبہ ختم ہوتے ہیں ۔ ایک کولر کے ڈبہ میں بیس لیٹر پانی آتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کولر ڈبہ پر انہیں تیس روپے کا خرچ آتا ہے۔

 

YouTube video