شرابیوں کو آہستہ گفتگو کرنے کے مشورہ پر حملہ، ایک شخص ہلاک

   

حیدرآباد 5 جنوری (سیاست نیوز) شراب نوشی کے دوران شور شرابے پر اعتراض ایک شخص کی موت کا سبب بن گیا۔ جو چند شرابیوں کی حرکتوں پر اعتراض کرتے ہوئے انھیں آہستہ گفتگو کا مشورہ دیا تھا۔ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ پرانے شہر کے علاقہ شکر کوٹ میں پیش آیا جہاں چند اشرار کے حملہ میں 39 سالہ الیاس ملک فوت ہوگیا۔ چارمینار پولیس کے مطابق الیاس ملک خلوت پنچ محلہ علاقہ کا ساکن تھا جو پیشہ سے زیورات کی مشنری مرمت کرنے کا کام کرتا تھا۔ یکم جنوری کے دن وہ اپنے رشتہ دار محمود کے مکان واقع شکر کوٹ گیا تھا۔ محمود ایک عمارت کی پہلی منزل پر رہتا ہے اور اس عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گوتم رہتا ہے جو اس دن اس کے ساتھیوں چرنجیوی، وشواجیت، کاشی ناتھ، تپن کمار، ملن کمار و دیگر کے ساتھ مئے نوشی کررہا تھا۔ مئے نوشی کے دوران یہ لوگ شور شرابا کررہے تھے۔ جس پر الیاس ملک نے اعتراض کیا اور ان سے درخواست کی تھی کہ اپنی آوازیں نیچی رکھیں۔ اس بات پر برہم ان افراد نے الیاس کو شدید زدوکوب کا نشانہ بنایا جس پر اس کی صحت بگڑ گئی اور فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دوبارہ صحت بگڑنے کے بعد الیاس کو 2 جنوری کو پھر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جو کل رات فوت ہوگیا۔ چارمینار پولیس نے 3 جنوری کے دن مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی انجام دی۔