حکومت سے ہرگز ٹکراؤ کا ارادہ نہیں ، عوامی مفادات کے بلس کا جائزہ : گورنر تلنگانہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا کی گرفتاری کے انداز پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ ہے لیکن ایک خاتون گاڑی میں بیٹھی ہوئی اس کا احترام نہیں کیا گیا ۔ شرمیلا جس گاڑی میں سوار تھی اس کار کو ٹوینگ کرتے ہوئے منتقل کرنے کے مناظر دیکھ کر مجھے بے حد صدمہ پہونچا ہے ۔ شرمیلا ایک پارٹی کی سربراہ ہے ان کے ساتھ پولیس کا اس طرح سلوک قابل مذمت ہے گورنر نے شرمیلا کی صحت اور سیکوریٹی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ راج بھون کے ذرائع نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی ہے ۔ دو دن قبل گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے پیر کو تاملناڈو کے کوئمبتور میں ایک کالج کی گریجویشن ڈے تقریب میں شرکت کی تھی جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی اقتدار میں نہیں ہے وہاں کی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ گورنرس کے ساتھ مل کر کام کریں ۔ تمیلی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ وہ حکومت سے ٹکراؤ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔ لیکن ریاست تلنگانہ میں صورتحال پوری طرح الگ ہے ۔ ان کے پاس جو بلز زیر التواء ہے وہ اس پر وضاحت طلب کرچکی ہیں ان بلز کو منظوری دینے میں وہ تاخیر کرنے کا وہ ہرگز کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔ وہ اس بات پر غور کریں گی کہ کیا تلنگانہ میں ملازمتوں سے متعلق بل عوام کے لیے مفید ہے یا نہیں اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی ان بلز پر دستخط کریں گی ۔ اس کو تاخیر کرنے کی نظر سے دیکھنے کے بجائے کچھ وقت لینے کی نظر سے دیکھا گیا تو بہتر ہوگا ۔ تلنگانہ اسمبلی میں گورنر کے خطبہ کی اجازت نہ دینے کے باوجود انہوں نے بجٹ کی منظوری کے معاملے میں کوئی تاخیر نہیں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام گورنر سے ملاقات کرسکتے ہیں تب ہی مسائل حل ہوں گے ۔۔ ن