شرمیلا کی گرفتاری کے خلاف کانگریس اور بی جے پی کا احتجاج

   

اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوششوں کا الزام
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس اور بی جے پی نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا کو پدیاترا کی اجازت نہ دینے اور ان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے حکومت کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوامی مسائل سے زیادہ تلنگانہ میں سیاسی جدوجہد ہوچکی ہے۔ ہر کسی کو عوامی مسائل پر جدوجہد کا حق حاصل ہے لہذا شرمیلا کو پدیاترا سے روکنا ٹھیک نہیں ہے۔ جگا ریڈی نے شرمیلا پر حملہ اور گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس تلنگانہ میں عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ شرمیلا کی سیاسی پشت پناہی کون کررہا ہے۔ ٹی آر ایس کو فائدہ پہنچانے کیلئے انہیں استعمال کیا جارہا ہے یا پھر وہ بی جے پی کو فائدہ پہنچا رہی ہیں اس بارے میں عوام میں بحث شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن کے خلاف حکومت کے اقدامات قابل مذمت ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے شرمیلا کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ خاتون ہونے کے باوجود پولیس نے جس انداز میں انہیں حراست میں لیا قابل مذمت ہے۔ راجندر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر اپنی حرکتوں کے ذریعہ عوام کو مشتعل کررہے ہیں۔ ر