شعیب کو پاکستان میں مخالفت کا سامنا، ثانیہ کو حمایت حاصل

   

کراچی : پاکستانی کرکٹر شعیب ملک ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ 10 سال پرانی شادی ختم کرکے دوبارہ شادی کرنے کے بعد مسلسل تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ سابق پاکستانی کپتان نے نکاح کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس کے بعد سے اس پر مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ اکثر لوگ شعیب کے عاشقانہ مزاج کو رشتہ ٹوٹنے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے شعیب ملک نے ٹی وی اداکارہ و ماڈل ثنا جاوید سے شادی کرلی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹینس سوپر اسٹار ثانیہ مرزا کو پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت مل رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے شعیب اور ثنا کو اپنی شادیاں توڑنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان میں سے کئی لوگوں نے ثانیہ کے پاکستانی کرکٹر سے خلع لینے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ نیوز چینل ’سماء ٹی وی‘ پر ایک پوڈ کاسٹ نے دعویٰ کیا کہ شادی شدہ ہونے کے باوجود شعیب اور ثنا کا تین سال سے افیئر چل رہا تھا اور دونوں کے درمیان قریبی تعلقات تھے۔ ثنا نے شعیب سے شادی کرنے سے تین ماہ قبل عمیر جسوال سے شادی کا بندھن توڑ لیا تھا۔