شمالی کشمیر میں جیش محمد کے دو جنگجو گرفتار: پولیس

   

سرینگر: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے سے جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو سرگرم جنگجوؤں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ دو جنگجو ایک گاڑی میں سری نگر کی طرف جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس، فوج کی 29 آر آر اور 2 ایس ایس بی کی ایک مشترکہ ٹیم نے قومی شاہراہ پر مختلف مقامات اور دیگر جگہوں پر ناکے لگا دئے ۔ان کا بیان میں کہنا تھا کہ اس دوران پٹن علاقے میں ایک تیز رفتار تویرا گاڑی کو مشکوک حالت میں آتے ہوئے دیکھا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس گاڑی کو جب ایک ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو گاڑی اچانک رک گئی اور گاڑی کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی فوراً گاڑی سے نیچے اتر گئے اورنزدیک ہی واقع ایک باغ کی طرف بھاگ گئے ۔موصوف ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ان کا تعاقب کرکے ان کو دھر لینے میں کامیابی حاصل کی۔