شمالی کوریا میں صدفیصد رائے دہی، کم جونگ نے بھی ووٹ دیا

   

سیول ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے قائد کم جونگ نے اتوار کے روز ملک گیر پیمانے پر منعقد کئے گئے انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہیکہ ملک میں رائے دہی کا تناسب صدفیصد رہا جو آج کل شاذونادر ہی ہوتا ہے۔ ملک میں انتخابی عمل کچھ اس نوعیت سے انجام پاتا ہے کہ اس میں امیدواروں کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہوتا بلکہ اسے ایک سیاسی رسم سمجھ کر انجام دیا جاتا ہے اور ایک پسندیدہ فیصلہ کا خیرمقدم کیا جاتا ہے جبکہ ملک کے قائد کم جونگ سے وفاداری کا پاس و لحاظ بھی رکھا جاتا ہے۔ صرف ایسے شہری جو بیرون ملک آباد ہیں یا سیر و تفریح کیلئے گئے ہیں یا پھر ایسے لوگ جن کی ملازمتیں سمندروں میں ہیں، رائے دہی نہ کرنے پر مجبور ہیں جبکہ عمر رسیدہ اور بیمار رائے دہندوں کیلئے موبائیل بیالٹ باکس فراہم کئے جاتے ہیں۔ شمالی کوریا میں ہر چار سال میں مقامی سطح پر انتخابات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کے ذریعہ صوبائی، شہری اور کاؤنٹی اسمبلیوں کیلئے نمائندوں کا انتخاب عمل میں آتا ہے جہاں پر 99 فیصد رائے دہندے اپنی پسندیدگی (yes) کا ووٹ دیتے ہیں۔ کم جونگ نے شمالی ہمکیانگ صوبہ کے ایک پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور دو امیدواروں کو ووٹ دیا جن کے نام جوسانگ ہو اور جانگ سانگ سک بتائے گئے ہیں جو اس حلقہ رائے دہی کی کاؤنٹی اسمبلیوں کے امیدوار ہیں۔