شمالی ہند میں شدید گرمی ، آئندہ دو دنوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری

,

   

نئی دہلی ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سلسیس کو پار کرچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کیلئے دہلی، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور راجستھان کیلئے ریڈالرٹ وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مشرقی اترپردیش کیلئے آورینج وارننگ جاری کی۔ علاقائی محکمہ موسمیات کے سربراہ کلدیپ سریواستو نے بتایا کہ آئندہ دو تا تین دنوں کے دوران یو پی کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک بڑسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم گرما میں پہلا موقع ہیکہ جب ریڈالرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہفتہ کو راجستھان میں 46.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، گجرات، وسطی مہاراشٹرا اور ودربھا کے علاوہ ساحلی آندھراپردیش، رائلسیما اور کرناٹک کے شمالی علاقوں میں آئندہ تین تا چار دنوں کے دوران گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ دن میں ایک تا 5 بجے کے دوران گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کے بعد گرمی کی لہر میں کمی آسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت کے اعتبار سے کلر کوڈ وارننگ جاری کرنے کافیصلہ کیا ہے جو گرین ، یلو ، آورینج اور ریڈ ہوگی۔