شمس آباد فلائی اوور بریج کی عدم تکمیل سے ٹریفک مسائل

   

شمس آباد 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) شمس آباد میں فلائی اوور بریج کے کام کی عدم تکمیل سے کئی مسائل خاص کر ٹریفک مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ نیشنل ہائی وے 44 میں مصروف ترین ہائی وے ہے۔ حیدرآباد سے ایرپورٹ جانے والے راستہ پر ہر چند منٹ پر ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ بروز اتوار عوام ایرپورٹ، درگاہ جہانگیر پیراںؒ اور دیگر مقامات کے لئے شمس آباد سے گزرتے ہیں جس کی وجہ سے پوری سڑک جام ہوجاتی ہے جس سے کئی مرتبہ ایمبولنس کو بھی گزرنے کے لئے کافی مشکلات پیش آتی ہیں۔ چند دن قبل ہی تلنگانہ چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا تھا اور اجلاس منعقد کرتے ہوئے بریج کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ شمس آباد ٹریفک پولیس ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر کرنے کے بجائے چالانات پر توجہ دے رہی ہے اور ہوٹلس کے روبرو پارک کی گئی گاڑیوں کو ضبط کررہی ہے۔ صرف وی آئی پی کی آمد و رفت کے وقت ہی سڑک پر ٹھہر کر ٹریفک کو بحال کیا جارہا ہے۔ شمس آباد نیشنل ہائی وے پر پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے عوام اپنی گاڑیوں کو سڑک پر ہی ٹھہرا کر شاپنگ یا ہوٹلس کو جاتے ہیں اور ٹریفک پولیس چالانات میں مصروف ہوجاتی ہے۔ بروز اتوار شمس آباد میں ٹریفک کا بہاؤ دگنا ہوجاتا ہے۔ فلائی اوور کی تکمیل کے بعد ہی شمس آباد میں ٹریفک مسئلہ ختم ہوسکتا ہے۔