شوٹنگ اسٹار عابد علی خان کا شمس آباد ایر پورٹ پر شاندار استقبال

,

   

ایشین شوٹنگ چمپین شپ میں انفرادی برانز و ٹیم گولڈ میڈل کے حصول پر وزیر اسپورٹس کی مبارکباد

حیدرآباد۔/14 نومبر ( سیاست نیوز) حیدرآبادی سپوت عابد علی خان نے دوحہ قطر میں منعقدہ 14 ویں ایشین شوٹنگ چمپئین شپ مقابلوں میں جو /3 تا /13 نومبر منعقد کئے گئے مقابلوں میں دو میڈلس حاصل کئے ۔
50M
رائفل پرون مین جونئر زمرہ میں انفرادی طور پر برانز میڈل اور مشترکہ ٹیم مقابلہ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ شوٹنگ اسٹار عابد علی خان کی شمس آباد ایرپورٹ پر آج آمد پر وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ اور اسپورٹس اتھاریٹی چیرمین وینکٹیشور ریڈی نے استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی ۔ نصر اسکول گچی باؤلی کے طلبا نے بھی ایرپورٹ پر اپنے ہیرو کا استقبال کیا اور قومی ترانہ کے ساتھ قومی پرچم لہرایا ۔ وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ نے کہا کہ عابد علی خان اور دیگر کھلاڑیوں نے شوٹنگ مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور تلنگانہ اور ہندوستان کا نام روشن کیا ہے ۔ شوٹنگ ایک مہنگا کھیل ہے ‘حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیگی ۔

حکومت تلنگانہ میں شوٹنگ مقابلوں کو فروغ دیا جائے گا جس سے کھلاڑیوں کی ہمت افزائی بھی ہوگی ۔ وینیکٹیشور ریڈی اسپورٹس اتھاریٹی چیرمین نے بھی عابد علی خان کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ شوٹنگ اسٹار عابد علی خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنے ملک و ریاست کیلئے میڈلس حاصل کئے ہیں ۔ یہ میرے اور والدین کیلئے فخر کی بات ہوگی اور میرا اگلا نشانہ اولمپک گیمس میں ہندوستان کی قیادت کرکے گولڈ میڈل حاصل کرنا ہے ۔ میری کامیابی میں میرے والدین کا بڑا رول ہے ۔ دونوں نے ہمیشہ میری ہمت افزائی کی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد بھی نیشنل شوٹر ہیں ۔ 2013 ء میں انڈین شوٹنگ ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں ۔ ڈاکٹر صابر علی خان نے بتایا کہ عابد علی خان نے نصر اسکول گچی باؤلی سے دسویں تک تعلیم حاصل کی ۔ الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجنیئرنگ تیسرے سال میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ حال ہی میں عابد علی خان نے دہلی میں
50M
رائفل میں بارہویں سردار سجن سنگھ میموریل ماسٹرس شوٹنگ مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ انہوں نے 16 سال کی عمر سے ہی شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا تھا ۔
50M
رائفل پرون جونیئر زمرہ میں عابد علی خان نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا ۔ اس کے علاوہ دہلی میں ہی
300M
رائفل جونیر ایونٹ میں پہلا میڈل حاصل کیا تھا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد علی خان (دادا) ڈائرکٹر کیورویل ہاسپٹل اور والد ڈاکٹر صابر علی خان نیشنل رائفل شوٹر ، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست ‘ دوست احباب اور افراد خاندان کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔