شوہر کی نعش منتقلی میں پولیس کی مدد

   

کمشنر پولیس سائبرآباد کی ہدایت پر آر سی پورم سب انسپکٹر پولیس کا مثالی اقدام
حیدرآباد /29 اپریل ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بے بس خاتون کو شوہر کی آخری رسومات میں مدد کی اور نعش کو اس کے آبائی مقام پہونچانے کا انتظام کیا ۔ آر سی پورم پولیس نے فاطمہ نامی خاتون کی داد و فریاد پر خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اس کی مالی امداد کی اور شوہر کی نعش کو اس کے آبائی مقام روانہ کیا۔ پولیس نے نہ صرف رقمی مدد بھی کی بلکہ ناراض افراد خاندن سے بھی بات چیت کی ۔ فاطمہ اور راگھویندرا کوسٹل کونڈاکرنول کے متوطن بتائے گئے ہیں جنہوں نے شادی کے بعد حیدرآباد کا رخ کیا ۔ ان کی شادی سے دونوں خاندان ہی ناراض تھے اور شادی پر انہیں اعتراض تھا ۔ باوجود اس کے دونوں نے اپنی پسند سے شادی کی اور حیدرآباد منتقل ہوگئے اور ان کے دو بچے ہیں ۔ راگھویندر ریڈی ان دنوں بری عادتوں کا شکار ہوگیا اور بیماری نے اسے معذور بنادیا تھا ۔ پٹن چیرو ہاسپٹل میں اس کا علاج جاری تھا ۔ جو فوت ہوگیا ۔ فاطمہ نے شوہر کی موت کے بعد رشتہ داروں سے رابطہ قائم کیا لیکن اس کو پھر ایک مرتبہ دھتکار دیا گیا ۔ جس کے سبب خاتون نے بڑی امید کے ساتھ مقامی پولیس اسٹیشن کا رخ کیا ۔ کوٹیشور راؤ سب انسپکٹر نے اپنی ذاتی رقم سے 10 ہزار روپئے اس خاتون کو دئے اور دونوں خاندانوں سے فون پر بات چیت کی اور خاتون کو شوہر کی نعش کے ساتھ ان کے آبائی مقام روانہ کیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے اس بات کا علم ہونے کے بعد آر سی پورم پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر پولیس کوٹیشور راؤ کی ستائش کی اور ان کی خدمات کو سراہا ۔