نئی دہلی ، 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بے روزگاری کی اونچی شرح پر تنقیدوں کے درمیان نیشنل اسٹاٹسٹیکل آفس (این ایس او) کے ایک سروے نے ہفتہ کو بتایا کہ شہری علاقوں میں بے روزگاری کی شرح چار سہ ماہی مدتوں میں اقل ترین سطح تک گھٹ گئی اور جنوری۔ مارچ 2019ء کے دوران یہ 9.3 فیصد درج ہوئی۔ این ایس او کی جانب سے پیریاڈک لیبر فورس سروے کے سہ ماہی بلیٹن میں جو آج ہی جاری کیا گیا، جنوری۔ مارچ 2018ء کے تقابلی اعداد و شمار نہیں ہیں۔ این ایس او وزارت شماریات کا شعبہ ہے۔ اس نے کہا کہ اربن ان ایمپلائمنٹ ریٹ اپریل۔ جون 2018ء میں 9.9 فیصد، جولائی ۔ سپٹمبر 2018ء میں 9.7 اور اکٹوبر۔ ڈسمبر 2018ء میں 9.9 فیصد تھا۔ ڈسمبر 2018ء کو ختم ہونے والے سہ ماہی کیلئے پہلا سہ ماہی بلیٹن مئی 2019ء میں جاری کیا گیا تھا۔ سہ ماہی مارچ 2019ء کیلئے یہ بلیٹن اپنے سلسلہ کے لحاظ سے دوسرا تھا۔ سرکاری ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ جنوری۔ مارچ 2019ء کے دوران اربن علاقوں میں مرد افراد میں 8.7 فیصد کی شرح پر بے روزگاری درج ہوئی۔ یہی شرح پچھلی سہ ماہی میں 9 فیصد اور اس سے قبل 8.9 فیصد تھی۔ اور گزشتہ سال اکٹوبر۔ ڈسمبر کی مدت میں 9.2 فیصد تھی۔