شہری علاقوں میں عوام نے کانگریس پر بھروسہ نہیں کیا : کے ٹی آر

   

لوک سبھا چناؤ میں شاندار کامیابی کا یقین، اپل میں کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔/4 فروری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس تلنگانہ میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور قومی سیاست میں علاقائی جماعتوں کا اہم رول رہے گا۔ کے ٹی راما راؤ نے آج اپل اسمبلی حلقہ کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں بی آر ایس کو شاندار کامیابی ملی ہے اور عوام نے کانگریس کا صفایا کردیا جبکہ دیہی علاقوں میں کانگریس کے پروپگنڈہ کے نتیجہ میں بی آر ایس کو نقصان ہوا ہے۔ کے ٹی آر نے کارکنوں کے جوش و خروش پر کہا کہ اپل میں کارکنوں کے اجلاس سے یہ گمان ہورہا ہے کہ بی آر ایس ابھی بھی برسراقتدار ہے۔ آئندہ لوک سبھا چناؤ میں ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے بی آر ایس کامیاب رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے 420 وعدوں سے دیہی علاقوں میں عوام دھوکہ کھاچکے ہیں۔ کانگریس نے ووٹ حاصل کرنے کیلئے عوام سے جھوٹے وعدے کئے جن کی تکمیل ممکن نہیں ہے۔ 100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا گیا لیکن اس کے کوئی آثار دکھائی نہیں دیتے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی پر تنقید کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی کی زبان دیکھ کر عوام خود حیرت میں ہیں۔ انتہائی گھٹیا زبان میں اپوزیشن کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام ریونت ریڈی کی اصلیت اور ان کے سابقہ ریکارڈ سے اچھی طرح واقف ہیں۔ کے ٹی آر نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اسمبلی کی شکست سے ناامید نہ ہوں کیونکہ مستقبل بی آر ایس کا رہے گا۔ کارکنوں اور قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہیئے۔1