شہر حیدرآباد کو بیسٹ سٹی کا درجہ اور اعزازات حکومت کا کارنامہ

,

   

ترقیاتی و تعمیری کاموں کو جاری رکھنے کے لیے ٹی آر ایس کے امیدواروں کو کامیاب بنائیے: کے کویتا کی اپیل

حیدرآباد : ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے شہر حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے لیے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے پیش نظر کے کویتا خصوصی ویڈیو جاری کرتے ہوئے یہ پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران سارے ملک میں شہر حیدرآباد نے تیز رفتار ترقی کی ہے۔ بڑے پیمانے پر سڑکوں کا جال پھیلادیا گیا ہے۔ ٹریفک مسائل کو بڑی حد تک گھٹانے کے لیے فلائی اوورس تعمیر کئے گئے ہیں۔ آلودگی پر قابو پانے کے لیے سرسبز و شادابی کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا گیا ہے۔ تالابوں کا تحفظ کرتے ہوئے اس کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کیا گیا ہے۔ شہر کے امن و امان کو برقرار رکھا گیا ہے۔ جس کے نتیجہ میں عالمی شہرت یافتہ کارپوریٹ اداروں نے اپنا سیکنڈ ہیڈکوارٹر حیدرآباد کو بنایا ہے۔ پینے کے پانی کی قلت پر قابو پایا گیا ہے۔ 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ یہ سب چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس سے ممکن ہوپایا ہے۔ ایسی ہی قیادت کو برقرار رکھنا شہر حیدرآباد کے عوام کی ذمہ داری ہے۔ ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو سارے ملک میں مسلسل 5 سال سے بیسٹ سٹی کا ایوارڈ حاصل ہورہا ہے۔ مارس جیسی انٹرنیشنل ایجنسیوں نے حیدرآباد کی شناخت کی ہے۔ ایسے رینکس اور اعزازات صرف زبانی خرچ باتوں سے حاصل نہیں ہوتے بلکہ اس کے لیے خصوصی ویژن تیار کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنا پڑتا ہے۔ ایسے ہی ترقیاتی اقدامات کو مستقبل میں بھی برقرار رکھنے کے لیے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانا ضروری ہے۔ وہ عوام سے اپیل کرتی ہیں کہ ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔