سینئر عہدیداروں کی شمولیت ۔ غفلت پر کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد 26 نومبر ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی کارپوریٹرس کی جانب سے ان کے وارڈز میں ناقص صفائی کی شکایات کے پیش نظر جی ایچ ایم سی سے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی گئی جو صفائی کے کاموں کی نگرانی کریگی اور ان کو موثر بنائیگی ۔ کئی کارپوریٹرس نے ناقص صفائی کی شکایت کی تھی ۔ ان شکایات کو دیکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی چیف میڈیکل افیسر ‘ تین جوائنٹ کمشنران ‘ ایک سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور ایک ایگزیکیٹیو انجینئر پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ ٹیم صبح میں اچانک معائنے کریگی اور جہاں ضروری ہو اقدامات کئے جائینگے ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے ٹیم سے کہا کہ وہ ہفتے میں تین دن مختلف مقامات کے دورے کریں اور رپورٹ پیش کریں۔ علاوہ ازیں صفائی ورکرس اور سوچھ آٹو ٹپر ڈرائیورس کو بھی خبردار کیا گیا کہ وہ کام میں غفلت نہ برتیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ اس کے علاوہ سینیٹری فیلڈ اسسٹنٹس سے کہا گیا کہ وہ جاروب کشوں کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ مئیر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے بھی حال ہی میں صفائی ورکرس کو خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی مسلسل 14 دن کام پر حاضر نہ ہوں تو انہیں خدمات سے برخواست کردیا جائیگا ۔ انہوں نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا کہ خاطر خواہ عملہ اور مشنری کی دستیابی کے باوجود شہر میںصفائی توقعات کے مطابق نہیں ہے ۔