حیدرآباد۔21اپریل (سیاست نیوز) شہر میں آج سہ پہر گھن ‘ گرج اور چمک کے ساتھ نصف گھنٹہ کی بارش سے شہریوں کو گرمی سے کچھ راحت حاصل ہوئی ہے لیکن تیز ہواؤں کے سبب شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے والی کئی پروازوں کے رخ کو تبدیل کردیا گیااور شہر کے کئی مقامات پر درختوں کے اکھڑ جانے اور برقی تاروں کے گرنے کے سبب کئی علاقوں میں برقی سربراہی متاثرہوئی اور جل پلی میونسپلٹی کے کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد بالخصوص پرانے شہر کے علاقو ںمیں دوپہر سے ہی گھنے بادل اور ہلکی بوندا باندی کا آغاز ہوگیاتھا اور عصر کے بعد سے افطار تک ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اطلاعات کے مطابق مضافاتی علاقوں میں سہ پہر کے بعد سے موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ زائد از ایک گھنٹہ جاری رہا۔چندرائن گٹہ ‘ فلک نما ‘ بہادر پورہ‘ بارکس ‘ بندلہ گوڑہ‘ حافظ بابانگر کے علاوہ کئی علاقوں میں عین افطار کے وقت مسلسل بارش کے سبب کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوئی لیکن عہدیداروں کے مطابق جلد ہی برقی بحال کرنے کے اقدامات کئے گئے تاکہ روزہ دارو ں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑا۔ کوکٹ پلی علاقہ میں درخت کے گرنے سے بائیک تباہ ہوئی اور برقی تاروں کے گرنے کے سبب برقی سربراہی متاثر ہوئی۔م