شہر میں جاریہ ہفتے گرمی سے راحت اور وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان

   

آئندہ ہفتے سے باضابطہ بارشوں کا آغاز ۔ محکمہ موسمیات کی قیاس آرائی

حیدرآباد 12 جون ( سیاست نیوز ) شدت کی گرمی سے حیدرآباد کے عوام کو راحت ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے اور شہر میں مطلع ابر آلود رہنے اور بارش کا گرج چمک کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ جاریہ ہفتے کے دوران شہر میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ نے منگل سے شہر میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔ امکان ہے کہ 17 جون سے شہر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے ۔ شہر میں اعظم ترین درجہ حرارت 38 – 39 ڈگری اور اقل ترین 26 – 27 ڈگری کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ شہر میں آج اعظم ترین درجہ حرارت 39.7 ڈگری سرور نگر میں ریکارڈ کیا گیا ۔ آئندہ پانچ دن کے دوران چارمینار ‘ خیریت آباد ‘ سیری لنگم پلی ‘ کوکٹ پلی اور سکندرآباد زونس میں ہلکی سے اوسط بارش یا گرج چمک شام یا رات کے اوقات میں ہونے کی امید ہے ۔ محکمہ نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون آندھرا پردیش میں داخل ہوچکا ہے اور آئندہ تین دن کے دوران تلنگانہ کے کچھ اضلاع میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے ۔ تین دن کے بعد بارش میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ گرج چمک شدید گرمی کی وجہ سے ہو رہی ہے اور آئندہ دنوں میں گرمی کی لہر ختم ہوجائے گی ۔