شہر میں رات 1 بجے تک ہوٹل ‘ ریسٹونٹ و بازار کھلے رکھنے کی اجازت

   

پولیس کسی کو ہراساں نہ کرے ۔ ایوان اسمبلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد 2 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے عوامی شکایات اور مسائل کا اندازہ کرتے ہوئے حیدرآباد ‘ رچہ کنڈہ اورسائبر آباد میں رات 1 بجے تک ہوٹلس ‘ ریسٹورنٹس اور بازار کھلی رکھنے کی اجازت دیدی ہے ۔ حکومت نے تینوں کمشنریٹ حیدرآباد‘ رچہ کنڈہ اور سائبر آباد کے کمشنران کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ ان کے حدود میں رات ایک بجے تک بازار کو کھلا رکھا جائے اور کسی کو ہراساں نہ کیا جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اسمبلی میں مباحث کے دوران یہ اعلان کیا اور کہا کہ حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ سائبرآباد کے حدود میں رات کے اوقات میں سوائے شراب کی دوکانات کے سارے بازار کو کھلا رکھا جائے ۔ انہو ںنے شہر کے عوامی نمائندوں سے خواہش کی کہ وہ لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے تعاون کریں کیونکہ لاء اینڈ آرڈر کو قابو میں رکھتے ہوئے شہرکی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گذشتہ دنوں قائد مقننہ مجلس جناب اکبر اویسی نے پولیس کے رویہ کی شکایت کی تھی اور اس کے بعد انہوں نے تینوں کمشنرس کو طلب کرکے تبادلہ خیال کیا وہ اب یہ اعلان کر رہے ہیں کہ شہر میں رات 1 بجے تک ریستوراں ‘ ہوٹل اور بازار کھلے رکھے جاسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ شہر کی تہذیب اور عادات میں رات دیر گئے تک بریانی کھانا اور چائے پینا شامل ہے اس کے علاوہ عوام واقف ہیں کہ رات دیرگئے بریانی کہاں ملتی ہے اور نہاری پایا کہاں ملتے ہیں انہیں رات دیر گئے وہاں جانا ہوتا ہے اسی لئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ رات 1بجے تک بازار کھلے رکھے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ شہر میں روڈی شیٹرس پر قابو پایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرانے شہر کو ’اولڈ سٹی‘ نہیں حقیقی سٹی سمجھتی ہے اسی لئے پرانے شہر کی ترقی کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔3