شہر میں لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی صورتحال پر مرکزی ٹیم کا جائزہ

,

   

گڈی ملکاپور مارکٹ کا دورہ ، تاجرین اور عوام سے قیمتوں اور اشیاء کی دستیابی پر معلومات کا حصول، جی ایچ ایم سی میں اعلیٰ سطحی اجلاس

حیدرآباد 28 اپریل (این ایس ایس) تلنگانہ میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال اور اُس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نافذ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی عہدیداروں کی ایک ٹیم نے لگاتار چوتھے روز آج بھی شہر کا دورہ کیا۔ مرکزی ٹیم کا دورہ پیر کو ختم ہونے والا تھا لیکن تلنگانہ میں پازیٹیو کیسیس اور کورنٹائن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی معلومات جمع کرنے کے مقصد سے ٹیم نے اپنے دورہ میں ایک دن کی توسیع کی۔ یہ توسیع ایک ایسے وقت ہوئی جب ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک ہزار سے متجاوز ہوگئی۔ مرکزی ٹیم نے مہدی پٹنم کے قریب گڈی ملکاپور مارکٹ کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے درمیان لاک ڈاؤن سے باہر نکلنے کے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ عہدیداروں نے بالخصوص ترکاری کے مارکٹ میں اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں عوام اور تاجرین سے تبادلہ خیال کیا۔ اِس ٹیم نے جی ایچ ایم سی کمشنر کے دفتر میں واقع کمانڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ بھی کیا۔ اِس موقع پر میونسپل پرنسپل سکریٹری اروند کمار اور کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے ٹیم کے ارکان کو کورونا کیسیس لاک ڈاؤن کی صورتحال اور وباء کو روکنے کیلئے کئے جانے والے احتیاطی تدابیر سے واقف کروایا۔ ٹیم نے غریبوں اور دوسری ریاستوں کے مزدوروں کو بہم پہنچائی جانے والی طبی خدمات، امداد و دیگر سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ یہ ٹیم دہلی کو واپسی کے بعد مرکز کو اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ اروند کمار نے ٹیم سے کہاکہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اب کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ پیر کو 159 افراد کے معائنے کئے گئے جن کے منجملہ صرف دو افراد پازیٹیو پائے گئے جس کا چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی سے ویڈیو کانفرنس پر تبادلہ خیال کے دوران تلنگانہ میں اِس وباء کے انسداد کیلئے اپنی تجاویز پیش کیا تھا۔