شہر میں نائٹ کرفیو پر سختی سے عمل آوری

,

   

حیدرآباد : ریاستی حکومت کی جانب سے رات کے کرفیو کے نفاذ کے اعلان کے بعد آج رات کرفیو کے بعد تمام بازاروں کو وقت سے پہلے بند کردیا گیا اور مساجد بھی مقررہ وقت سے پہلے بند کردی گئیں۔ مساجد کے ذمہ داروں نے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے انھیں سرکاری احکامات پر سختی سے عمل آوری کی تلقین کی اور وقت سے پہلے عبادتوں کا اہتمام کیا گیا۔ آج رات 9 بجے سے قبل سڑکوں پر پولیس کی گاڑیاں نکل آئیں اور سائرن بجاتے ہوئے مارکٹ کو بند کرنے کی ہدایت دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے تمام بازار بند ہوگئے اور سڑکیں ویران ہوگئیں۔ رات دیر گئے تک پولیس بازاروں اور محلوں میں گشت کرتی دکھائی دے رہی تھیں اور پولیس کی جانب سے شہریوں کو اپنے مکانات میں رہنے کی تلقین کی گئی۔ رات کے کرفیو کے نفاذ کے بعد انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ساؤتھ زون کے ڈی سی پی گجا راؤ بھوپال اور ایڈیشنل ڈی سی پی سید رفیق چارمینار پہونچ گئے اور انھوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تاریخی مکہ مسجد کو بھی مقررہ وقت پر بند کردیا گیا جبکہ اطراف کی دیگر مساجد اور گلی کوچوں میں بھی سختی سے عمل کیا گیا۔ کاروباری اداروں کو بند کرتے ہوئے عوام نے کرفیو پر سختی سے عمل کیا اور سرکاری احکامات کی تعمیل کا ثبوت پیش کیا۔ رمضان المبارک کے سلسلہ میں سجائے گئے بازار بالخصوص حلیم کی بھٹیاں، ہوٹلیں، بازار ویران ہوگئے اور عوام 9 بجے تک اپنے مکانات کو واپس ہوگئے۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ رات کے کرفیو میں جو یکم مئی کی صبح 5 بجے تک جاری رہے گا ، چند افراد اداروں اور شخصیتوں کو چھوٹ دی گئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ طبی عملہ، تمام سرکاری مرکزی و ریاستی ملازمین، میڈیا، ای کامرس، (آن لائن فوڈ سپلائی) سسٹم، زوماٹو، سیوگی کو چھوٹ دی گئی ہے جبکہ ایرپورٹ و ریلوے اسٹیشن جانے والوں کو اپنا ٹکٹ دکھانا پڑے گا۔ حاملہ خواتین کے علاوہ دیگر مریضوں کو ہاسپٹل منتقل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی جبکہ بے وجہ گھومنے پھرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔