شہر میں کورونا وائرس کیسیس میں اچانک اضافہ ، 71 متاثر

,

   

مزید ایک ضعیف خاتون فوت، جی ایچ ایم سی حدود کے 38 متاثرین میں پہاڑی شریف کے 13 افراد بھی شامل

حیدرآباد 26 مئی (پی ٹی آئی ؍سیاست نیوز) تلنگانہ میں کوویڈ ۔ 19 کے 71 کیسیس کا منگل کو پتہ چلا۔ اس دوران اس خوفناک وباء سے مزید ایک شخص فوت ہوگیا۔ جس کے ساتھ ہی فوت ہونے والوں کی تعداد 57 ہوگئی۔ ریاستی محکمہ صحت و طبابت کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق 71 تازہ کیسیس میں 55 کا تعلق ریاست سے ہے ان میں 38 جی ایچ ایم سی حدود اور دیگر 17 مختلف اضلاع میں پائے گئے۔ ضلع رنگاریڈی کے 7 ، میڑچل کے 6 ، سوریہ پیٹ ، وقارآباد، نلگنڈہ اور نارائن پیٹ کے ایک ایک مریض کو بھی پازیٹیو پائے جانے کے بعد دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے۔ چار بیرونی ممالک سے واپس آنے والے افراد اور 12 مہاجر مزدور ہیں۔ اس دوران کورونا کے 120 متاثرہ مریضوں کو مکمل صحتیابی کے بعد آج مختلف دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا دیگر 650 مریض ہنوز مختلف دواخانوں میں زیرعلاج ہیں۔ سیاست نیوز کے مطابق ضیاء گوڑہ کی ایک ضعیف خاتون مشتبہ طور پر کورونا وائر س سے فوت ہوگئی۔ علاوہ ازیں ایک کارپوریٹ دواخانہ کے ڈاکٹر اور پہاڑی شریف میں دو خاندانوں کے 13 افراد اِس وباء سے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔