شہر میں گاڑیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ

   

تعداد 60 لاکھ سے متجاوز ، 2021 سے جی ایچ ایم سی علاقہ میں گھریلو گاڑیوں کی تعداد دوگنی
حیدرآباد :۔ حیدرآباد ملک میں تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ایک شہر ہے جہاں ترقی نہ صرف آئی ٹی اور فارما شعبوں میں دیکھی جارہی ہے بلکہ حیدرآباد میں موٹر گاڑیوں کی تعداد میں بھی بہت زیادہ اضافہ ہورہا ہے ۔ شہر میں 60 لاکھ سے زائد گاڑیاں ہیں ۔ 31 دسمبر 2020 تک کے ڈیٹا کے مطابق شہر میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد 60.8 لاکھ تھی جس میں 49.3 لاکھ ٹو وہیلرس اور 11.5 لاکھ فور وہیلرس شامل ہیں ۔ یہ تمام گھریلو یا شخصی استعمال کی گاڑیاں ہیں ۔ اگر آٹوز ، کیابس ، آر ٹی سی بسوں ، خانگی بسوں ، گڈس کیرئیرس اور دیگر کمرشیل گاڑیوں کو اس میں شمار کیا جائے تو گاڑیوں کی یہ تعداد 66 لاکھ سے زائد ہوجائے گی ۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھاریٹی ( آر ٹی اے ) کے ڈیٹا کے مطابق گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ، جو حیدرآباد ، رنگاریڈی اور میٹرچل ریجنس پر مشتمل ہے ، سال 2021 میں گاڑیوں کی تعداد 30.6 لاکھ تھی اور یہ تعداد گذشتہ آٹھ سال میں دو گنا سے زیادہ ہوگئی ۔ ٹرانسپورٹ عہدیداروں نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کے لیے 60 لاکھ سے زائد گاڑیاں ہیں اور ان کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے ۔ سی رمیش جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر (آئی ٹی اینڈ ویجلنس ) نے کہا کہ اگر کوویڈ 19 وباء نہیں ہوتی تو شہر میں گاڑیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ کے تقریبا معمول کے حالات پر آجانے کے بعد سے ہم اس سال مزید گاڑیوں کے اضافہ کی توقع کررہے ہیں ۔ آر ٹی اے کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اوسطاً ہر روز تقریبا 1200 گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوتا ہے ۔ اس میں 1000 نئے ٹو وہیلرس اور 200 فور وہیلرس ہوتے ہیں ۔ شہر میں گذشتہ چند برسوں سے فور وہیلر گاڑیوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہورہا ہے اور اس طرح کی گاڑیوں کی تعداد 10 لاکھ سے متجاوز ہوگئی ہے ۔ 2020 میں اس میں گذشتہ آٹھ سال کے مقابل تقریبا دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔ 2015 سے ہر سال شہر کی سڑکوں پر آنے والی نئی کارس کی تعداد 85000 کے قریب ریکارڈ کی گئی ہے ۔ 2020 میں کوویڈ وبا کی وجہ سے اس میں کمی ہوئی لیکن پھر بھی 60 ہزار نئی گاڑیاں آئیں ۔۔