شہر و ٹینک بنڈ کو خوبصورت بنانے پر توجہ دی جائے : کے ٹی آر

,

   

حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے آج ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر اور ٹینک بنڈ ( حسین ساگر ) کو خوبصورت بنانے کے کاموںپر توجہ کریں۔ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کے ٹی راما راو نے کہا کہ منصوبہ بندی ‘ ویژن اور ڈیزائین پر خاص توجہ دی جانی چاہئے کیونکہ اب ٹی ایس بی پاس قانون پر عمل آوری کی جا رہی ہے ۔ ٹینک کو خوبصورت بنانے سے متعلق کام ایسے ہونے چاہئیں جن کی عوام ستائش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے ترقیاتی کاریڈور والے بفر زونس میں غیر قانونی ڈھانچوں پر سخت کارروائی کی جانی چاہئے اور آوٹر رنگ روڈ ایریا کے ضلع کلکٹران کو اس میںشامل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں عوامی سہولیات جیسے فوڈ کورٹس ‘ ریسٹ ایریا ‘ پٹرول پمپس اور سبزہ زار میں اضافہ پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ کے ٹی راما راو نے اب تک سبزہ زار میں اضافہ کیلئے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی اور انہوں نے اپل اور مہدی پٹنم کے اسکائی ویز کے تعلق سے معلومات حاصل کیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ٹی ایس بی پاس ترقیاتی کاموں میں اہم رول ادا کر رہا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ منصوبوں اور سہولیات کی فراہمی و انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے اور ان کاموں میں تیزی پیدا کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اب زیادہ توجہ سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے اور مسائل کو حل کرنے پر دی جانی چاہئے ۔ وزیر موصوف نے ایچ ایم ڈی اے حکام کو ہدایت دی کہ وہ شہر اور آوٹر رنگ روڈ کے اطراف میں نئے کام شروع کرنے پر غور کریں۔ ترقیاتی کاموںمیں عہدیداروں کا اشتراک اور تال میل اہم ہے۔