جی ایچ ایم سی کا غیر سرکاری تنظیموں سے مدد حاصل کرنے کا فیصلہ، مختلف ڈیویژنس میں عنقریب مہم
حیدرآباد 26 اگسٹ (سیاست نیوز) بلدیہ حیدرآباد سوچھ سرویکشن کی مناسبت سے شہر میں صاف و صفائی پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہے اور روزانہ کے صفائی کاموں کے ساتھ ساتھ گیلے اور سوکھے کچرے کی علیحدگی، گھر گھر سے کچرا جمع کرنے، عام مقامات سے کچرے کی نکاسی جیسے کاموں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور ساتھ ہی کھلے آسمان تلے ضروریات سے فراغت حاصل نہ کرنے سے متعلق عوام میں شعور بیداری لارہی ہے اور ان کاموں کو انجام دینے و نگہبانی کیلئے سوچھ سی آر پیز کا تقرر عمل میں لایا گیا۔ اور سی آر پیز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مخصوص متعلقہ علاقوں کے مکانات کے لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں پاکی و صفائی اور سوچھ سرویکشن کے مقصد سے آگاہ کریں اور اس کام کے لئے سوچھ سی آر پیز کو اعزازی مشاہرہ بھی دیا جارہا ہے۔ چند دن قبل بلدیہ نے دو ڈیویژنس میں پائلٹ پراجکٹ کے طور پر اس کام کا آغاز کیا تھا اور اس سے بہترین نتائج برآمد ہونے پر شہر کے 148 ڈیویژنس میں بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں سوچھ سی آر پیز نے اب غیر سرکاری تنظیموں کی مدد بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کام کے لئے بلدیہ سے کروڑہا روپیوں کے فنڈس بھی جاری کئے جائیں گے۔ قارئین کو یاد ہوگا کہ بلدیہ نے ماضی میں گیلے اور سوکھے کچرے کو علیحدہ رکھنے کے لئے ہر گھر میں دو کچرے کے ڈبے فراہم کئے تھے اور ان ڈبوں کی خریداری کے لئے بلدیہ نے 28 کروڑ روپئے خرچ کئے تھے۔ اس کے باوجود شہر کے تقریباً 95 فیصد گھروں میں کچرے کو علیحدہ نہیں کیا جارہا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تاحال شہر کے عوام میں شعور بیدار نہیں ہوا ہے اور اس لئے بلدیہ نے سوچھ سی آر پیز کو گھر گھر روانہ کرتے ہوئے شعور بیدار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح ہو کہ سوچھ سی آر پیز سسٹم کا آغاز سابق میونسپل کمشنر جناردھن ریڈی کے دور میں ہی کیا گیا تھا مگر زمینی سطح پر یہ کام واضح طور پر نہیں کیا گیا البتہ سی آر پیز کے نام پر بلدی خزانہ خالی ضرور ہوا۔ اور اب پھر سے صاف حیدرآباد شاندار حیدرآباد کے نام سے دوبارہ وہی نظام اپنایا جارہا ہے اور دوسرے مرحلہ میں 148 ڈیویژنس میں اس کام کے لئے 12 کروڑ روپئے سوچھ سی آر پیز کو جاری کئے جائیں گے اور جملہ 3,625 سوچھ سی آر پیز کا تقرر کرتے ہوئے ایک ایک کو 600 گھروں کی ذمہ داری دی جائے گی اور ماہانہ 6 ہزار روپئے تنخواہ کے اعتبار سے 5.5 ماہ کا اعزازیہ دیا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ بلدیہ کی جانب سے انجام دیئے جانے والے کاموں میں غیر سرکاری تنظیموں کی حصہ داری میں کافی اضافہ ہورہا ہے لہذا صاف حیدرآباد شاندار حیدرآباد پروگرام کو بھی کامیاب بنانے کے لئے ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔