شہر کے مسلم علاقوں میں پولیس اسٹیشنوں کے قیام کا منصوبہ

   

ٹولی چوکی، بورابنڈہ،بندلہ گوڑہ، تاڑبن ،رحمت نگر اور دیگرپر خصوصی توجہ

حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے مسلم علاقوں میں نئے پولیس اسٹیشنس قائم کئے جارہے ہیں ۔ نئے پولیس اسٹیشنس کے قیام اور پولیس نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کرتے ہوئے مسلم علاقوں پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کے موجودہ ڈھانچہ کو بدل دیا جارہا ہے ۔ سٹی پولیس کی از سر نو حد بندی کی سفارش کو ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد نئے پولیس اسٹیشن کے قیام پر اقدام میں تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کے موجودہ ڈھانچہ کو مکمل طور پر بدل دیا جارہا ہے ۔ شہر میں موجودہ 5 زونس اور 17 ڈیویژنس اور 60 پولیس اسٹیشن کو بدل دیا جائے گا ۔ نئے ڈھانچہ کے مطابق زونس کی تعداد 5 سے 7 اور ڈیویژنس کی تعداد کو 17 سے 27 اور پولیس اسٹیشن کی تعداد 60 سے 73 ہوجائے گی ۔ نئے پولیس اسٹیشنوں کو جن علاقوں میں تشکیل دیا جارہا ہے ۔ ان میں مسلم علاقوں پر خاص مرکوز کی گئی ہے ۔ جن میں ٹولی چوکی ، بورا بنڈہ ، بنڈلہ گوڑہ ، مانصاحب ٹینک ، تاڑبن ، وارث گوڑہ ، رحمت نگر اور خیریت آباد شامل ہیں ۔ امکان ہے کہ سال نو کے آغاز سے اس نئے نظام پر عمل آوری کا آغاز ہوگا اور جنوری سے نئے پولیس اسٹیشن نئے حدود میں کام کا آغاز کردیں گے ۔ اس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔ نئے ڈھانچہ کے تحت موجودہ ڈیویژن بھی تبدیل ہو کر نئے ڈیویژنس وجود میں آئیں گے اور زونس سسٹم کو بھی تیار کرلیا گیا ہے ۔ حالیہ دنوں ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس میں نئی جائیدادوں کی منظوری کے بعد 3966 منظور ہوئے ہیں ۔ جس کے تحت شہر کے لیے تین ڈی سی پیز 12 اے سی پیز 26 انسپکٹرس کے علاوہ 1,252 جائیدادیں حاصل ہوئیں ہیں ۔ گذشتہ سال دسمبر میں اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد سٹی پولیس کمشنر آنند نے بڑے پیمانے پر اصلاحات کو اہمیت دی ہے اور ان اقدامات کے تحت از سر نو حد بندی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی از سر نو حد بندی کے بعد نیا ڈھانچہ کچھ اس طرح تشکیل دیا گیا ہے ۔ پرانے شہر کے علاقہ پر محیط ساوتھ زون میں فی الحال 4 ڈیویژنس ، فلک نما ، چارمینار ، سنتوش نگر اور میر چوک ہیںجبکہ چارمینار ، بہادر پورہ ، کاماٹی پورہ ، کالا پتھر ، حسینی علم ، میر چوک ، دبیر پورہ ، مغل پورہ ، رین بازار ، فلک نما ، چندرائن گٹہ ، شاہ علی بنڈہ ، چھتری ناکہ ، کنچن باغ ، بھوانی نگر ، مادنا پیٹ ، سنتوش نگر ہیں ۔ اس زون میں تبدیلی کرتے ہوئے فلک نما ڈیویژن کو برخاست کردیا جائے گا اور اس کی جگہ بہادر پورہ ڈیویژن تشکیل دیا جارہا ہے اور پولیس اسٹیشن کی تعداد کو 11 تک کردیا گیا ہے۔نئے زونس کے مطابق ساوتھ زون میں اب بہادر پورہ ، چارمینار ، فلک نما ، میرچوک ڈیویژنس رہیں گے ۔ جن میں نئے بہادر پورہ ڈیویژن کے تحت بہادر پورہ ، کالا پتھر اور کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن، چارمینار کے تحت چارمینار اور حسینی علم ، فلک نما کے تحت فلک نما ، شاہ علی بنڈہ اور چھتری ناکہ جبکہ میرچوک کے تحت دبیر پورہ ، میرچوک اور مغل پورہ رہیں گے ۔نئے زون ساوتھ ایسٹ زون کے تحت چندرائن گٹہ ، ملک پیٹ ، سعید آباد اور سنتوش نگر (ڈیویژنس ) جبکہ پولیس اسٹیشن چندرائن گٹہ، بنڈلہ گوڑہ ( نیا ) ، چادر گھاٹ ، ملک پیٹ ، آئی ایس سدن ( نیا ) ، سعید آباد ، مادنا پیٹ ، رین بازار ، بھوانی نگر اور سنتوش نگر رہیں گے۔ ساوتھ ویسٹ زون ( نئے ) کے تحت آصف نگر ، بیگم بازار ، گولکنڈہ ( نیا ) کلثوم پورہ ( نیا ) ڈیویژنس رہیں گے ۔ جب کہ ہمایوں نگر ، حبیب نگر ، آصف نگر ، بیگم بازار ، شاہ عنایت گنج ، منگل ہاٹ ، گولکنڈہ ، لنگر حوض اور ٹولی چوکی ( نیا ) پولیس اسٹیشن جب کہ گڈی ملکاپور ( نیا ) کلثوم پورہ اور ٹپہ چبوترا پولیس اسٹیشن رہیں گے ۔ سنٹرل زون کے تحت عابڈس چکڑ پلی ، گاندھی نگر ( نیا ) اور سیف آباد ڈیویژنس ، عابڈس روڈ نامپلی ، چکڑ پلی ، مشیر آباد ، گاندھی نگر ، دمل گوڑہ ( نیا ) لیک پولیس اسٹیشن ، سیف آباد اور خیریت آباد ( نیا ) پولیس اسٹیشن رہے گا ۔ نارتھ زون میں بیگم پیٹ ، گوپال پورم ، مہنکالی اور ترملگیری ( نیا ) ڈیویژن بیگم پیٹ ، بوئن پلی ، تاڑبن ( نیا ) گوپال پورم ، تکارام گیٹ ، ماریڈ پلی ، گوپال پیٹ مارکیٹ ، مہنکالی ، بلارم ، ترملگیری اور کارخانہ ( نیا ) پولیس اسٹیشن رہے گا ۔ ایسٹ زون میں عنبر پیٹ ( نیا ) ، چلکل گوڑہ ( نیا ) عثمانیہ یونیورسٹی ( نیا ) اور سلطان بازار ڈیویژنس رہیں گے جب کہ عنبر پیٹ ، کاچی گوڑہ ، لالہ گوڑہ ، چلکل گوڑہ ، وارث گوڑہ ( نیا ) عثمانیہ یونیورسٹی ، نلہ کنٹہ ، افضل گنج ، سلطان بازار اور نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن رہیں گے ۔ ویسٹ زون میں بنجارہ ہلز ، جوبلی ہلز ( نیا ) اور پنجہ گٹہ ڈیویژنس جب کہ فلم نگر ( نیا ) ، مانصاحب ٹینک ( نیا ) بنجارہ ہلز ، جوبلی ہلز ، رحمت نگر ( نیا ) بورا بنڈہ ( نیا ) ، پنجہ گٹہ اور ایس آر نگر پولیس اسٹیشن رہیں گے ۔ از سر نو حد بندی کے بعد پولیس اسٹیشن ڈیویژنس اور زونس کی صورت گیری مکمل تبدیل ہوجائے گی ۔ نئے پولیس اسٹیشنس کے قیام سے خدمات میں آسانی اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے یقینی اقدامات کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ امکان ہے کہ جنوری سے اس نئے نظام پر عمل آوری کا آغاز ہوگا ۔۔ ع
ع