شہر کے نواحی علاقوں میں سڑک حادثات

   

2 کمسن لڑکوں کے بشمول 5 افراد ہلاک ، مقدمات درج
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد اور 2 کمسن لڑکے ہلاک ہوگئے ۔ نلہ کنٹہ پولیس کے مطابق 14 سالہ ابھیمنیو جو طالب علم تھا ۔ آج یہ لڑکا روزانہ کے معمول کی طرح اخبار تقسیم کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی اور ابھیمنیو برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ سعیدآباد پولیس کے مطابق 34 سالہ رویندر یادو جو پیشہ سے ہاتھوے کیبل میں سینئیر ٹیکنیشن کا کام کرتا تھا ۔ سری نگر کالونی میں پیش آئے سڑک حادثہ میں بلدیہ کی گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ قادریہ مسجد کے قریب پیش آئے اس حادثہ کے مقام پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر عوام خوف و ہراس کا شکار ہوگئے ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 5 سالہ یادیا جو پوچم پلی علاقہ کے ساکن کرشنا راؤ کا بیٹا تھا ۔ پولیس کے مطابق یادیا ان کے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ دوسری موٹر سائیکل سے حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی یادیا فوت ہوگیا ۔ چندا نگر پولیس کے مطابق 34 سالہ سریکانت ریڈی جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ کل موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگئی اور یہ شخص نالے میں گرکر فوت ہوگیا ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 55 سالہ رامچندر جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ گڈی ملکاپور علاقہ میں رہتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام شنکر پلی بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص کل لنگر حوض کے علاقہ میں آٹو سے گرکر شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کو فوری علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران یہ شخص فوت ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق رامچندر بیوی کی جانب سے جیل منتقل اور ضمانت کے بعد یہ شخص شنکرپلی سے گڈی ملکاپور منتقل ہوا اور یہاں ترکاری کا کاروبار کرتے ہوئے زندگی بسر کر رہا تھا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔