500 تا 700 کروڑ کی آمدنی کا امکان ۔ تیاریوں کو قطعیت
حیدرآباد۔25اکٹوبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں اراضیات کے ای۔ہراج کے ذریعہ 500 تا 700کروڑ کی آمدنی کو یقینی بنایا جائیگا۔ فنڈس کی قلت کا شکار حکومت کی جانب سے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو اراضیات کی فروخت کی اجازت کے بعد سابقہ ہراج کے علاوہ نئے پلاٹس جملہ 454 پلاٹس کی فروخت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ کے بعد ایچ ایم ڈی اے سے ان پلاٹس کے ای۔آکشن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔ شیرلنگم پلی میونسپلٹی چندانگر میں 3پلاٹس کا 18نومبر کو ہراج کیا جائے گا۔ کواڑی پلی میں 94پلاٹس کا 10ور 11نومبر کو ہراج ہوگا۔ 14اور 15 نومبر کو بہادرپلی میں 87 پلاٹس کا ہراج کیا جائیگا ۔ 18 تا 22نومبر تھرور میں 145پلاٹس کا ای۔ہراج کیا جائیگا۔ ترکیمجال کے 14 پلاٹس کا 23 نومبر کو ہراج ہوگا۔ 16 اور 17 نومبر کو کرمل گوڑہ کے 110 رہائشی پلاٹس کو ہراج کیا جائے گا۔حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے مطابق حکومت سے اراضیات کی فروخت کے اقدامات کو مختلف اداروں کے اشتراک سے قابل عمل بنایا جا رہا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل کارپوریشن کے ذریعہ بھی اراضیات کی فروخت عمل میں لائی جارہی ہے لیکن تمام اراضیات کی فروخت حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی نگرانی میں عمل میں لائی جائے گی ۔ حکومت سرکاری اراضیات کی فروخت کے ذریعہ آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کررہی ہے ۔م