حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے گزشتہ 30 گھنٹوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم سربراہی کے سبب عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ بی ایچ ای ایل جنکشن کے قریب پائپ لائن بچھانے اور دیگر کاموں کے سلسلہ میں واٹر ورکس نے 8 مارچ کو مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے تک پانی کی عدم سربراہی کا اعلان کیا تھا۔ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے عہدیداروں نے 12 گھنٹوں میں کاموں کی تکمیل کا بھروسہ دلایا تھا جس کے نتیجہ میں مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے پانی کی عدم سربراہی کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 گھنٹے گزرنے کے باوجود پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں عوام واٹر ورکس اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔ گزشتہ 30 گھنٹوں سے پانی کی عدم سربراہی کے نتیجہ میں ایرہ گڈہ، ایس آر نگر، امیرپیٹ، کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی، موسیٰ پیٹ، جگت گیری گٹہ، آر سی پورم، اشوک نگر، جیوتی نگر، لنگم پلی، چندا نگر، گنگا نگر، مدینہ گوڑہ، میاں پور، امین پور، نظام پیٹ اور اطراف کے علاقوں میں عوام پانی کی سربراہی سے محروم ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹر ورکس اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ 1