ممبئی: اسٹاک مارکیٹ کی قدآور شخصیت راکیش جھن جھن والا چل بسے، آج صبح انھوں نے آخری سانس لی۔ ان کی عمر 62 سال تھی۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے خرابی صحت سے متاثرتھے۔ اتوار کو علی الصبح ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں وہ جانبرنہ ہوسکے۔ راکیش جھن جھن والا ہندوستان میں شیئر مارکٹ کی معروف شخصیت تھے۔ اسٹاک مارکیٹ کے بعد ان کی کمپنی ’بگ بل‘ نے شہری ہوابازی کے شعبہ میں بھی قدم رکھا۔ انہوں نے اکاسا ایئر کے نام سے ایئر لائنز شروع کی ہے جس کا حال ہی میں آغاز ہوا۔وہ کچھ عرصے سے گردے کے عارضہ میں مبتلا تھے اور علاج کے لیے بریچ کینڈی ہاسپٹل میں شریک تھے۔ انہیں ایک ہفتہ قبل ہاسپٹل سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔ لیکن اتوار کی صبح 6.45 بجے جھن جھن والا پھر بیمار ہو گئے۔ خاندان کے افراد نے انھیں ہنگامی طور پر علاج کے لیے پھر ہاسپٹل منتقل کیا ۔ طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ پہلے ہی فوت ہو چکے ہیں۔ان کی پیدائش 5جولائی 1960 کو حیدرآباد میں ہوئی تھی ۔