شیواموگا؍ وارانسی : بجرنگ دل کارکن ہرشا کے قتل کے بعد ردعمل میں شروع ہوا پرتشدد احتجاج منگل کو جاری رہا۔ کم از کم 14 واقعات ایسے ہیں جہاں خانگی املاک کو تباہ کیا گیا۔ اے ڈی جی پی پرتاپ ریڈی نے بتایا کہ 3 ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ اِس دوران کرناٹک سے شروع ہونے والا حجاب کا تنازعہ ملک بھر میں پھیل چکا ہے اور کئی شہروں میں اِس کے حق میں اور مخالفت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ وارانسی کے شیوپور علاقہ میں منگل کو ایرپورٹ روڈ پر ایک اسکول کے سامنے سینکڑوں بچوں کے ساتھ حجاب کی مخالفت میں مظاہرہ کیا گیا۔ پولیس نے اِس معاملہ میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ مظاہرین نے حجاب پر پابندی لگاؤ اور ڈریس کوڈ لاگو کرو جیسی تحریر والے پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔ مظاہرین کے لیڈر نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکول پرنسپل نے کئی طالبات کو حجاب کے ساتھ آنے کی اجازت دی تھی۔ گرفتار شدہ شخص ہیمانشو چترویدی ہے۔ پولیس اُس سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ دریں اثناء گجرات کے سورت میں بھی حجاب کی مخالفت میں احتجاج کیاگیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا۔ کرناٹک میں ریاستی حکومت نے ہرشا کے قتل کی تحقیقات میں حجاب کے زاویئے کو بھی شامل کرلیا ہے اور دیکھا جارہا ہے کہ آیا یہ واردات حجاب تنازعہ کے پس منظر میں انجام دی گئی یا اِس میں کوئی فرقہ پرست تنظیم ملوث ہے۔