شیوراج کا سونیا گاندھی سے کمل ناتھ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

   

بھوپال :مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ کے ریاستی خواتین و اطفال کی وزیر امرتی دیوی کو ‘آئٹم’ بتائے جانے سے متعلق بیان کے بعد آج ان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔مسٹر چوہان نے یہ بات یہاں تاریخی منٹو ہال کمپلیکس میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے دو گھنٹے ‘مون اپواس’کے بعد اپنے خطاب میں کہی۔ کمل ناتھ کے بیان کو قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے انہوں نے درج فہرست ذات قبائل کی ایک خاتون وزیر کی توہین کرنے کی کوشش اور اس کے باوجود اس بیان کو جواز پیش کرنے پر سخت تنقید کی ۔چوہان نے کہا کہ کمل ناتھ نے عوامی فورم سے ایک بار نہیں دو دو بار مسز امرتی دیوی کے خلاف غیرذمہ دارانہ ریمارکس دیئے ، اور پھر رات گئے ، لفظ ‘آئٹم’ کو صحیح بنانے کی کوشش کی۔ ان سب باتوں کے پیش نظر ، ایک عورت ، ماں ، بیٹی اور بہن ہونے کے ناطے مسز گاندھی کو مسٹر کمل ناتھ کے بارے میں اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔مسٹر چوہان نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں مسز گاندھی کو ایک خط بھی لکھ رہے ہیں اور وہ اپنے خط کے جواب کا بھی انتظار کریں گے ۔ وہ مسز گاندھی سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا وہ مسٹر کمل ناتھ کو پارٹی سے نکال دیں گی یا ان کے خلاف کوئی اور کارروائی کریں گی۔ خیال رہے کمل ناتھ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی ، ریاستی کانگریس کے صدر اور ریاست میں قائد حزب اختلاف ہیں۔ اسمبلی ضمنی انتخابات ان کی سربراہی میں لڑا جارہا ہے ۔