پرمیشور نے لیا نائب وزیر اعلیٰ کا حلف
بنگلورو، 3 جون (ایجنسیز) سدارمیا کے استعفیٰ کے بعد ڈی کے شیوکمار نے آج کرناٹک کے 25ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے لیا۔ ’لوک بھون‘ میں انھوں نے اپنے دادا گنگا دھر کے نام پر حلف لیا۔ اس تقریب میں جی پرمیشور نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا، اور اس طرح کرناٹک میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ حلف برداری سے قبل شیوکمار نے اسٹیج پر موجود سبھی قائدین سے ملاقات کی۔ انھوں نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی اور دیگر قائدین کا شال اور پھولوں کے گلدستہ سے استقبال کیا۔ اس حلف برداری تقریب کی پوری ذمہ داری شیوکمار کے بھائی ڈی کے سریش نے سنبھالی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیوکمار کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف برداری کی تقریب شروع ہوتے ہی ان کے حامی اور کانگریس کارکنان لوک بھون کی طرف بڑھنے لگے۔ اس وجہ سے اسمبلی کے آس پاس ٹریفک جام ہو گیا۔ شیوکمار نے حلف لینے سے قبل اپنی ماں سے دعائیں بھی لیں۔
حلف برداری تقریب میں کئی معزز شخصیات موجود رہے، جن میں کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، کرناٹک کانگریس انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا، سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا، کیرالہ کے وزیر اعلیٰ ستیسن، ہری پرساد، محمد اظہر الدین، راجیو شکلا کے ساتھ ساتھ کئی فلمی ستارے بھی اس تقریب میں نظر آئے۔