بنگلورو: کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے چہارشنبہ کو مرکز پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں ایک آل پارٹی میٹنگ بلائے ۔ اس حملے میں کرناٹک کے تین لوگ مارے گئے تھے ۔اس واقعہ کو سنگین اور چونکا دینے والا بتاتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ اس حملے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور عالمی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے صحافیوں کو بتایاکہ یہ صرف ایک علاقائی مسئلہ نہیں ہے ، یہ قومی سلامتی، بین الاقوامی تعلقات، سیاحت اور عام شہری کے اعتماد کو متاثر کرتا ہے ۔ اس پر فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی اشد ضرورت ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے حملے کی شدید مذمت کی اور پہلگام کو ایک اہم اور حساس مقام قرار دیا۔انہوں نے کہا،کہ‘‘کوئی بھی دہشت گردانہ حملہ، خاص طور پر مذہبی مقاصد کے ساتھ، ملک کے اتحاد اور امیج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتا ہے ۔انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے میں حکومت کو کانگریس پارٹی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم ایسی دہشت گرد تنظیموں کو ختم کرنے کیلئے حکومت کی کوششوں کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہے ان کی ابتداء کہیں سے ہوئی ہو۔