تربیتی کلاسیس سے ضلع کلکٹر ڈاکٹر سریدھر اور چیئرمین سی آر میڈیا سریش کمار کا خطاب
کڑپہ ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کڑپہ میں ریاستی سی آر میڈیا کی جانب سے اخباری نمائندوں کیلئے دو روزہ تربیتی کلاسس کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر ضلع پریشد ہال میں ایک اجلاس منعقدکیا گیا جس کی صدارت چیئرمین سی آر میڈیا مسٹر اے سریش کمار نے کی ۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کڑپہ ڈاکٹر سریدھر چے کور نے کہاکہ اخباری نمائندوں کی جانب سے شائع ہونے والی ہر خبر سماع کے لئے مشعل راہ ہونی چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ آج کے تیزی سے بدلتے تکنیکی دور میں میڈیا کو بھی تیز رفتار دور سے ہم آہنگ ہونا چاہئے ۔ اخباری نمائندے بھی وقت کے ساتھ جدید تکنیک کو اپنانا چاہئے ۔ آج کے مسابقتی دور میں ناگزیر ہے ۔ مسٹر سریدھر نے کہاکہ ملک کی ترقی میں میڈیا کا اہم رول ہوتا ہے ۔ میڈیا کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے ۔ ملک جلد ہی دنیا کی تیسری بڑی معاشی طاقت بن جائے گا جس پر ہر شہری کو فخر کرنا چاہئے ۔ ملک کی تیز رفتار ترقی کے لحاظ سے میڈیا کو بھی نئی تکنیک سے آراستہ ہونا چاہئے ۔ مسٹر سریدھر نے کہاکہ خبریں صرف واردتوں تک محدود نہیں ہوناچاہئے بلکہ سماج سدھار میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ سماج کے مسائل کے حل کا راستہ دکھانے والی خبریں ہونا چاہئے ۔ اس موقع پر سی آر میڈیا چیئرمین اے سریش کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ اخباری نمائندوں کو جمہوریت کے محافظ ہونا چاہئے ۔ جمہوریت میں میڈیا کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔ سماج میں جاری بے قاعدگیوں پر نظر رکھتے ہوئے اس کے حل سے متعلق حکومت کو آگاہ کرنا چاہئے ۔ آج کے دور کے لحاظ سے اخباری نمائندوں کو بھی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور جدید تکنیک کو اپنانا ہوگا ۔ خبروں کو صحیح اور موثر ڈھنگ سے پیش کرنا چاہئے ۔ مسٹر سریش کمار نے کہا کہ مواضعات کے اخباری نمائندوں پر بھاری ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ مواضعات کے مسائل سے انتظامیہ کو واقف کرائے اور ترقیاتی کاموں سے عوام کو روشناس کرائے ۔ اس موقع پر ضلع تعلقات عامہ کے اے ڈی مسٹر پدمجا نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اے پی یو ڈبلیو جے کے ریاستی قائدین رام سبا ریڈی ، اوما مہیشور راؤ اور دیگر نے شرکت کی ۔ ضلع کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی ۔