صحافیوں کی تنظیموں کی درخواست پر تلنگانہ ہائیکورٹ کی ہدایت
حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے صحافیوں کے اکریڈیٹیشن کارڈس کی مدت میں 15 جولائی تک توسیع کی ہدایت دی ہے۔ کارڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں جاری کردہ جی او ایم ایس 252 اور دیگر شرائط کو صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے علاوہ بعض دیگر اداروں نے کارڈس کی اجرائی کے طریقہ کار اور گائیڈ لائنس کی مخالفت کی ہے۔ فیڈریشن کے وکیل نے مقدمہ کی یکسوئی تک صحافیوں کے اکریڈیٹیشن کارڈس کی میعاد کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ سرکاری وکیل نے کارڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت کے موقف اور رہنمایانہ خطوط سے واقف کرایا۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے موجودہ اکریڈیٹیشن کارڈس کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی ہدایت دی جس کے تحت 15 جولائی تک موجودہ کارڈس برقرار رہیں گے۔ صحافیوں کی جانب سے اپنے فرائض کی تکمیل اور سرکاری پروگراموں میں شرکت میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے ہائیکورٹ نے یہ ہدایت دی۔ درخواست گذاروں کے وکیل نے کارڈس کی اجرائی کے طریقہ کار اور زیرالتواء درخواستوں کے بارے میں حکومت کے موقف کی وضاحت کی اپیل کی۔ عدالت نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 22 جولائی کو مقرر کی ہے۔V/1