حیدرآباد ۔3ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سرمائی چھٹیاں منانے کیلئے سہ روزہ دورہ پر حیدرآباد پہنچے گی۔ 28، 29 اور 30 ڈسمبر کیلئے ان کے دورہ کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ سکندرآباد کے بلارم میں واقع راشٹراپتی نیلائم میں ان کا قیام رہے گا۔ صدرجمہوریہ بننے کے بعد دروپدی مرمو پہلی مرتبہ تلنگانہ کے دورہ پر پہنچ رہی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس پس منظر میں چیف سکریٹری سومیش کمار، پولیس، فوج اور کنٹومنٹ عہدیداروں کا عنقریب اجلاس طلب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ کے دورہ کا جائزہ لیں گے۔ کورونا بحران کے پیش نظر گذشتہ دو سال سے صدرجمہوریہ چھٹیاں منانے حیدرآباد نہیں آئے تھے۔ 28 ڈسمبر کو صدرجمہوریہ دہلی سے خصوصی طیارہ میں حیدرآباد پہنچیں گی۔ 29 ڈسمبر کو راشٹرپتی نیلائم میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں سے ملاقات کریں گی اور 30 ڈسمبر کو شام میں دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گی۔ صدرجمہوریہ کے دورہ حیدرآباد کیلئے حکومت کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ن
صدر مرمو کی آج اے پی میں نیول فیسٹیول میں شرکت
حیدرآباد3 دسمبر(یواین آئی) آندھرا پردیش کا وشاکھاپٹنم نیشنل نیول فیسٹیول کی میزبانی کرے گا۔ نیوی ڈے ہر سال 4 دسمبر کو پاکستان کے خلاف 1971 کی جنگ میں فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔ تقاریب نئی دہلی میں صدر جمہوریہ ہند کی موجودگی میں منعقد کی جاتی ہیں تاہم، ملک کی آزادی کے 75برس کے موقع پر مرکزی حکومت ‘آزادی کا امرت’ تقاریب منعقد کر رہی ہے ۔ چنانچہ ان تقاریب کو وشاکھاپٹنم میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، کئی مرکزی وزراء اور اعلیٰ فوجی عہدیداران تقاریب میں شرکت کریں گے ۔پاکستان پر فتح کی یاد میں ہر سال 4 دسمبر کو ملک کی بحری کمانوں کی جانب سے یوم بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔صدرجمہوریہ جو مسلح افواج کی سپریم کمانڈر بھی ہوتی ہیں، اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اے پی کا دورہ کررہی ہیں اوران تقاریب میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کریں گی۔ساتھ ہی وزیراعلی جگن موہن ریڈی، گورنر وشوابھوشن ہری چند ن بھی ان تقاریب میں شرکت کریں گے ۔مرمو، 4دسمبر کو 2.15بجے دوپہر گناورم ایرپورٹ پہنچیں گی۔وہ 2.25بجے خصوصی طیارہ خصوصی طیارہ کے ذریعہ وشاکھاپٹنم پہنچیں گی اور 3.25بجے نیول ایراسٹیشن آئی این ایس دیگاپہنچیں گی۔ساتھ ہی صدرجمہوریہ، ایسٹرن نیول ہیڈکوارٹرس میں کچھ وقت کے لئے آرام کریں گی۔شام 4.05بجے صدرجمہوریہ راماکرشنا ساحل پہنچیں گی جہاں وہ ہندوستانی افواج کی فوجی مشقوں کا افتتاح کریں گے ۔بعد ازاں صدرجمہوریہ، خصوصی طیارہ کے ذریعہ تروپتی پہنچیں گی۔