حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے آج بارگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی پر حاضری دی اور خصوصی غلاف اور چادر گل پیش کی ۔ عرس حضرات یوسفینؒ کا آج آخری دن تھا اور محمد سلیم نے وقف بورڈ عہدیداروں اور ملازمین کے ہمراہ درگاہ شریف پہنچ کر حاضری دی ۔ اس موقع پر تلنگانہ کی ترقی ، عوام کی خوشحالی اور چیف منسٹر کے سی آر کی درازی عمر کیلئے دعا کی گئی اور علحدہ چادر گل پیش کی گئی۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ بزرگان دین کے آستانوں پر حا ضری سے ایمان کو تازگی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگان دین نے دنیا کو انسانیت اور بھائی چارگی کا پیام دیا۔ یہی وجہ ہے کہ بلا لحاظ مذہب و ملت ہزاروں افراد بارگاہِ یوسفینؒ میں حاضری دیتے ہیں۔ انہوں نے عرس انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ زائرین کی سہولت کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے عہدیدار ٹیم کی طرح کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے انتظامات کے جو فیصلے کئے ، ان پر عمل کیا جائیگا۔ اس موقع پر رکن حج کمیٹی سید نظام الدین ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف ، رکن تلنگانہ وقف بورڈ مولانا سید بندگی بادشاہ اور دوسرے موجود تھے۔ ر