صدر اے پی بی جے پی کنا لکشمی نارائنا کی بہو کی مشتبہ موت

   

پارٹی میں شرکت ، ڈانس کے دوران گرنے کا واقعہ ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /28 مئی ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش بی جے پی کے صدر کنا لکشمی نارائنا کی بہو حیدرآباد میں مشتبہ طور پر فوت ہوگئی ۔ رائے درگم حدود میں واقع میناکشی ٹاور میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد یہ واقعہ منظر عام پر آیا ۔ کنا لکشمی نارائنا کی بہو سوہاریکا آج صبح مشتبہ طور پر فوت ہوگئی ۔ اس خاتون کی مشتبہ موت کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ تاہم رائے درگم پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ پولیس کو سوہاریکا کے پوسٹ مارٹم کا انتظار ہے جس کے بعد تحقیقات میں پیشرفت ہوگی ۔ امکان ہے کہ بی جے پی صدر کی بہو کا کل عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں ماہرین ڈاکٹرس کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر رائے درگم پولیس مسٹر رویندر نے بتایا کہ میناکشی ٹاور میں سوہاریکا اچانک گر پڑی ۔ جنہیں فوری قریبی اے آئی جی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس خاتون کو مردہ قرار دیا اور کہا کہ ہاسپٹل پہونچنے سے قبل ہی خاتون فوت ہوگئی تھیں ۔ پولیس نے افراد خاندان اور دوست احباب کے بیانات کو قلمبند کیا ہے ۔ میناکشیا ٹاور میں ایک پارٹی تھی جس میں سوہاریکا کے علاوہ اس کے دوست اور رشتہ دار شریک تھے ۔ پارٹی میں اس خاتون نے ڈانس بھی کیا اور اچانک گر پڑی ۔ پولیس نے سوہاریکا کے شوہر اور والدہ کی شکایت حاصل کرلی ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔