صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا 26 ڈسمبر سے 5 روزہ دورہ تلنگانہ

   

راشٹرپتی نیلائم میں قیام، چیف سکریٹری سومیش کمار نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔16 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار کے مطابق صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 26 ڈسمبر سے تلنگانہ کا پانچ روزہ دورہ کریں گی۔ جنوبی ہند میں قیام کے پروگرام کے تحت صدر جمہوریہ کا یہ دورہ ہوگا۔ اپنے قیام کے دوران وہ رامپا اور بھدرا چلم کا دورہ کریں گی اور مقامی پروگراموں میں حصہ لیں گی۔ حیدرآباد میں صدر جمہوریہ کے کئی پروگرام ہوں گے۔ سومیش کمار نے صدر جمہوریہ کے دورہ کے سلسلہ میں انتظامات پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دروپدی مرمو رام چندرجی مہاراج فتح پور کی تقاریب میں حصہ لیں گی جس کا اہتمام رام چندرا مشن میں ضلع رنگا ریڈی نے کیا ہے۔ صدر جمہوریہ ہردل دھیان، ہر دن دھیان مہم کا آغاز کریں گی۔ چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بہتر تال میل کے ساتھ صدر جمہوریہ کے دورہ کے انتظامات کریں ۔ جنوب میں قیام کے تحت صدر جمہوریہ کے لئے راشٹرپتی نیلائم میں انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کمشنر جی ایچ ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی مرمت کا کام انجام دیں اور راشٹرپتی نیلائم کے اطراف بیریکٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں سہولت ہو۔ محکمہ پولیس کو موثر سیکوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ چیف سکریٹری نے 24 گھنٹہ بلا وقفہ برقی سربراہی کے علاوہ محکمہ صحت کو میڈیکل ٹیموں کی تعیناتی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کو پروٹوکول کے مطابق راشٹرپتی نیلائم میں انتظامات کرنے چاہئیں۔ 25 ڈسمبر تا 3 جنوری رنگا ریڈی میں ہونے والی رام چندر جی مہاراج کی 150 ویں تقاریب کے انتظامات کی چیف سکریٹری نے ہدایت دی جس میں ملک بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے صدر جمہوریہ کے دورہ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام محکمہ جات میں بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹریز ، محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ر