صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے اعزاز میں اے پی حکومت کی تہنیتی تقریب

   

حیدرآباد4 دسمبر(یواین آئی)صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ آندھرا پردیش کئی کارناموں کی سرزمین ہے اور تلگو کو کافی خو صورت زبان کے طورپر سراہا گیا ہے ۔ دورہ اے پی کے موقع پر ریاستی حکومت نے صدر جمہوریہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جس میں گورنر وشوابھوشن ہری چندن، چیف منسٹر جگن موہن ریڈی، مرکزی وزیر کشن ریڈی اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس پرشانت بھی موجود تھے ۔ان تمام نے صدرجمہوریہ کو مبارکباد پیش کی ۔تقریب سے خطاب میںدروپدی مرمو نے اے پی کی ستائش کی۔انہوں نے تلگو زبان میں تقریرکاآغاز کیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں گوداوری، کرشنا، پینا، ومسادھرا اور ناگاولی دریا ہیں۔انہوں نے اے پی کے وسائل کی ستائش کی۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے کہاکہ مرمو کی زندگی ہر خاتون کیلئے مثالی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک قبائلی خاتون نے صدر کا عہدہ سنبھالا ہے جو ہر کسی کیلیے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اے پی کا دورہ کرنے پر ان کا ہماری جانب سے خیرمقدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کیلئے مرمو کی خدمات ناقابل فراموش رہی ہیں۔دروپدی مرمو نے جس طرح زندگی میں مشکلات کا سامنا کیا اور آگے بڑھیں وہ ملک کی ہر خاتون کیلیے ایک مثال ہے ۔ گورنر نے صدر جمہوریہ کے اعزاز میں ظہرانہ ترتیب دیا جس میں جگن موہن ریڈی کے ساتھ کشن ریڈی اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس پرشانت کمار مشرا و دیگر نے شرکت کی۔ صدرجمہوریہ کا جلیل القدر عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ جنوبی ہند کی اس تلگو ریاست کا دورہ کرنے والی دروپدی مرمو کا قبل ازیں ایرپورٹ پر شاندارا استقبال کیاگیا۔