صدر جمہوریہ عوامی استقبال کا جواب دینے کار سے اترگئیں

   


سری سیلم میں غیر متوقع اقدام سے عوام کا دل جیت لیا
حیدرآباد ۔26 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج سری سیلم کے دورہ کے موقع پر غیر متوقع اقدام کرتے ہوئے اپنے قافلہ کو روک دیا اور کار سے اتر کر استقبال کیلئے کھڑے عوام سے ملاقات کی ۔ صدر جمہوریہ کے اس اچانک اقدام سے سیکوریٹی عملہ حیرت میں پڑگیا جبکہ سڑک پر استقبال کیلئے کھڑے سینکڑوں افراد فرط مسرت سے صدرجمہوریہ کے حق میں نعرے لگانے لگے۔ شیواجی اسپورتی کیندر کے معائنہ کے بعد واپسی کے دوران نندی سرکل کے قریب سینکڑوں افراد صدر جمہوریہ کے استقبال کیلئے کھڑے تھے۔ دروپدی مرمو نے اپنے قافلہ کو روک دیا اور کار سے اتر گئیں۔ استقبال کیلئے کافی وقت سے کھڑے ہوئے عوام کے قریب پہنچ کر صدر جمہوریہ نے دونوں ہاتھ جوڑ کر استقبال کیلئے شکریہ ادا کیا۔ صدر جمہوریہ سڑک پر کافی دور تک کھڑے ہوئے افراد سے ملاقات کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی تھیں اور سیکوریٹی عملہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ دور پیدل چلنے کے بعد صدر جمہوریہ دوبارہ کار میں سوار ہوگئیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب دروپدی مرمو نے کسی ریاست میں سفر کے دوران اپنی کار سے اتر کر عوامی استقبال کا جواب دیا ہے۔ عام طورپر صدر جمہوریہ اس طرح کے عوامی استقبال کا کار سے اتر کر جواب نہیں دیتے لیکن دروپدی مرمو نے اس غیر معمولی اقدام سے عوام کا دل جیت لیا۔ر