نئی دہلی: انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، انڈین ریونیو سروس (کسٹم اینڈ ڈائریکٹ ٹیکس) اور انڈین اسٹیٹسٹیکل سروس کے پروبیشنرز نے منگل کو یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ پروبیشنرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ عوامی خدمت انہیں حکمرانی کے نظام میں اہم عہدوں پر فائز ہو کر ملک کی خدمت کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں اختراعی، اسمارٹ اور شہریوں پر مبنی کام کے ذریعے ملک کی ترقی کے سفر میں بہت بڑا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کے اقدامات اور فیصلے تمام شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کریں گے ۔