صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر مہیش کمار گوڑ کے 100 دن مکمل

   

گاندھی بھون میں کارکنوں کا جشن، سینئر قائدین نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر مہیش کمار گوڑ کے 100 دن کی تکمیل پر آج پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے آتشبازی کی اور عوام میں مٹھائی تقسیم کئی گئی۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی انچارج نامپلی محمد فیروز خاں، جنرل سکریٹری ٹی کمار راؤ، کیلاش کمار، صدرنشین فشریز کارپوریشن ایم سائی کمار، صدرنشین لائبریریز محمد ریاض، سکریٹری پردیش کانگریس محمد راشد خاں اور دیگر قائدین نے کیک کاٹا اور مہیش کمار گوڑ کو 100 دن کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ رکن قانون ساز کونسل مہیش کمار گوڑ کو کانگریس ہائی کمان نے پردیش کانگریس کی اہم ذمہ داری سونپی ہے اور انہوں نے کانگریس کیڈر کو متحد رکھنے کیلئے ہر ممکن مساعی کی ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ 100 دن میں پارٹی کے استحکام پر مہیش کمار گوڑ نے توجہ مرکوز کی اور ضلع واری سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کئے گئے۔ عوام اور حکومت کے درمیان رابطہ کو مستحکم کرنے کیلئے ہفتہ میں ایک مرتبہ ایک ریاستی وزیر کی گاندھی بھون میں موجودگی کو یقینی بنایا گیا اور ریاستی وزراء عوامی مسائل کی سماعت کررہے ہیں۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ مہیش کمار گوڑ نے اضلاع کے دورے کرتے ہوئے بنیادی سطح پر پارٹی کے استحکام کی مساعی کی۔ نامزد عہدوں پر تقررات کے ذریعہ حقیقی کارکنوں کو ان کا جائز حق دلانے کی مساعی کررہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کیلئے ضلع واری سطح پر رابطہ مہم شروع کی گئی ہے اور قائدین کو متحرک کیا گیا ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی، ریاستی وزراء اور سینئر قائدین نے 100 دن کی تکمیل پر مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد پیش کی۔1