صدر پی سی سی آندھرا پردیش وائی ایس شرمیلا کو رکن راجیہ سبھا بنانے کی قیاس آرائی

   

کانگریس کا ریاست کے انتخاب پر ہنوز عدم فیصلہ ، کانگریس سے سنجیدگی کی ضرورت
حیدرآباد۔2۔فروری(سیاست نیوز) وائی ایس شرمیلا صدرپردیش کانگریس آندھراپردیش کو پارٹی تلنگانہ سے راجیہ سبھا رکن منتخب کروائے گی!وائی ایس شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت سے قبل کہا جا رہاتھا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے انہیں کرناٹک سے رکن راجیہ سبھا منتخب کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن اب جبکہ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوچکا ہے اور کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں 2 راجیہ سبھا نشستوں پر کامیابی یقینی تصور کی جا رہی ہے تو ایسے میں کانگریس پارٹی کی جانب سے وائی ایس شرمیلا کو تلنگانہ سے ہی راجیہ سبھا کیلئے منتخب کروایا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق آندھراپردیش کے متعلق کانگریس کی سنجیدگی کو ظاہر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کی سربراہ و صدر پردیش کانگریس کو پارٹی کی جانب سے اہم عہدہ دیا جائے ۔ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے سے قبل ہی اس بات کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر وائی ایس شرمیلا کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے انہیں رکن راجیہ سبھا منتخب کروایا جائے گا۔ گذشتہ دنوں آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کی سربراہ کے طور پر وائی ایس شرمیلا کو ذمہ داریوں کی تفویض کے بعد ریاست آندھراپردیش میں کانگریس پارٹی کو نئی طاقت حاصل ہونے لگی ہے اور اگر صدر پردیش کانگریس آندھراپردیش کو تلنگانہ سے رکن راجیہ سبھا منتخب کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں پڑوسی تلگو ریاست میں پارٹی کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ کرناٹک یا تلنگانہ سے وائی ایس شرمیلا کو لازمی طور پر راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ وائی ایس شرمیلا نے وائی ایس آر ٹی پی کے ذریعہ تلنگانہ میں اپنے قدم جمانے شروع کردئیے تھے اور گذشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو ہموار کرنے کیلئے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابات سے خود کو دور رکھا تھا۔ واضح رہے کہ ملک بھرکی مختلف ریاستوں میں منعقد ہونے والے راجیہ سبھا کی نشستوں کیلئے پرچۂ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 15 فروری ہے جبکہ رائے دہی کی صورت میں 27 فروری کو رائے دہی منعقد کی جائیگی۔3